تربت(ویب ڈیسک) تربت کے علاقے بلیدہ میں مسلح افراد نے ایک بلوچ شہری امام ولد حسن کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ اہل خانہ کے مطابق واقعے کے بعد خاندان شدید خوف اور تشویش میں مبتلا ہے۔ امام حسن کے اہل خانہ نے تربت پریس کلب میں صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ روز تین موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد نے امام ولد حسن کو بلیدہ کے گلی باہوٹ بازار سے مبینہ طور پر زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اہل خانہ کے مطابق امام حسن کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی یا تنازع نہیں اور وہ ایک سادہ اور بے گناہ شہری ہیں۔ واقعے کے بعد سے اہل خانہ کو ان کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔ مغوی کی اہلیہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ امام حسن کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
