کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) میں انتظامی بحران، 46 کروڑ روپے کی ترقیاتی بجٹ کے ضائع ہونے، عدالتی احکامات کے باوجود مستقل چیئرمین کی عدم تعیناتی اور ادارے کی کمزور کارکردگی پر مختلف سماجی اور شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مستقل قیادت نہ ہونے کے باعث فیصلہ سازی متاثر ہے، ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، ٹھیکیدار واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ متعدد ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتظامی کمزوری اور بروقت فیصلے نہ ہونے کے باعث 46 کروڑ روپے کی ترقیاتی رقم واپس چلی گئی۔ مختلف سماجی تنظیموں، انجینئرز اور عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر اور چیف جسٹس بلوچستان سے آزادانہ اور شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی، مستقل چیئرمین کی تعیناتی، ملازمین کی تنخواہوں اور ٹھیکیداروں کے واجبات کی ادائیگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
