بولان (ویب نیوز) بولان قومی شاہراہ این 65 پر براہم باراں کے قریب نامعلوم افراد نے کمبڑی پل کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پل کا تقریباً 5 فٹ حصہ شدید متاثر ہوا اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت چند گھنٹوں کے لیے معطل رہی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈھاڈر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسری جانب انتظامیہ نے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کی سہولت کے لیے پرانے پل کو متبادل راستے کے طور پر کھول دیا، جس کے بعد ٹریفک بحال کردی گئی اور شاہراہ پر آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
