مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کے 6 اضلاع میں 11 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات 9 اگست کو ہوں گے. 12 ہزار سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے

12 ہزار سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے
کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے 6 اضلاع میں میونسپل کمیٹیز، میونسپل کارپوریشنز اور یونین کونسلز کی 11 جنرل نشستوں پر دوسرے مرحلے کے ضمنی بلدیاتی انتخابات 9 اگست 2026 کو منعقد ہوں گے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں 39 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ ضلع ژوب، لورالائی، سبی، قلات، خضدار اور حب کے مختلف حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 12 ہزار 357 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 6 ہزار 485 مرد اور 5 ہزار 872 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ پولنگ کے لیے 17 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 5 مردوں، 5 خواتین اور 7 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ سیکیورٹی کے حوالے سے 5 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 10 کو حساس جبکہ 2 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، 6 ریٹرننگ افسران، 6 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور 6 مانیٹرنگ افسران تعینات کر دیے ہیں، جو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور پولنگ کے عمل کی نگرانی کریں گے۔