مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان کے کئی علاقے نوگو ایریاز بن چکے، ریاستی رٹ کمزور نظر آتی ہے، عبدالستار شاہ چشتی

کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی کی رہائش گاہ پر بلوچستان کے سیاسی و سماجی رہنما میر سعید لانگو، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ اور لانگو قبیلے کے سرکردہ رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں صوبے کی سیاسی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہونے کے باوجود عوام طویل عرصے سے احساسِ محرومی کا شکار ہیں، جبکہ ان کے بقول صوبے کے کئی علاقے نوگو ایریاز بن چکے ہیں اور ریاستی رٹ کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امن و امان سے متعلق اقدامات محض بیانات تک محدود ہیں، عوام کو ساحل اور وسائل پر مکمل اختیار نہیں دیا گیا، جس سے مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رہنماؤں کے مطابق دیگر صوبوں کے مسائل مذاکرات سے حل کیے جاتے ہیں لیکن بلوچستان کے معاملات طاقت کے استعمال سے نمٹانے کی کوشش کی جاتی ہے، جس کے باعث مسائل مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی کے باعث کاروبار، تعلیم اور دیگر شعبے شدید متاثر ہوئے ہیں، تاجر، وکلا، علما اور مختلف طبقات مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ کئی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ سیاسی مذاکرات کیے جائیں اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔