مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کے وزیر داخلہ کا کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ، 14 اگست کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اتوار کے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور یومِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایئرپورٹ روڈ، کچلاک اور ویسٹرن بائی پاس کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے سیکیورٹی صورتحال اور کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ یومِ آزادی ہر قوم کے لیے ایک اہم دن ہے اور زندہ قومیں اسے جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں، اس لیے بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام بھی 14 اگست قومی جذبے کے ساتھ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی ادارے اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور عوامی اجتماعات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ نے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس لیے نوجوانوں کو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ان نوجوانوں سے بھی اپیل کی جو دشمن کی ترغیب یا اثر و رسوخ کے باعث پہاڑوں کا رخ کرتے ہیں کہ وہ یہ راستہ ترک کریں اور بے مقصد لڑائی کے بجائے تعلیم، ٹیکنالوجی اور سیاست کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کی خدمت کریں۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول کا بہترین راستہ جمہوری طریقہ ہے، اس لیے نوجوان پارلیمنٹ کا رخ کریں، اپنی صلاحیتیں استعمال کریں اور جمہوری عمل کے ذریعے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور اتحاد کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوست ممالک کا دفاع مضبوط ہو تو کوئی ملک ان کے خلاف بری نظر ڈالنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بھارت پر مختلف ممالک میں دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا برادر اور ہمسایہ ملک ہے، تاہم وہاں موجود دہشت گرد عناصر کے حوالے سے پاکستان کو سنجیدہ خدشات ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنانا کسی صورت انسانیت نہیں اور معصوم لوگوں کا خون بہانا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یومِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں تاکہ شہری پُرامن ماحول میں قومی دن کی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔