کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مرکزی مجلسِ فقہی کے سربراہ و ضلعی سرپرستِ اعلی مفتی محمد روزی خان، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے غیور عوام آج بھی اپنے بنیادی و آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے جمعیت علما اسلام پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے حالیہ عوامی اجتماعات میں عوام کی جوق در جوق اور والہانہ شرکت اس بات کی واضح عکاس ہے کہ عوامی حمایت، اعتماد اور حقیقی قوت کا مرکز آج بھی صرف اور صرف جمعیت علما اسلام ہی ہے۔رہنماں نے مزید کہا کہ جماعت کی اس بڑھتی ہوئی عوامی قوت اور مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی بے چینی میں شدید اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث بعض حلقے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بے بنیاد تنقید اور منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں؛ تاہم صوبے کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ جمعیت علما اسلام نے ہر دور میں عوامی مسائل، صوبے کے حقوق، جمہوری اقدار اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مثر اور اصولی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جے یو آئی کی قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر بلوچستان اور اس کے مظلوم عوام کے حقوق کی بھرپور اور بے باک نمائندگی کی ہے؛ عوام کا یہ غیر متزلزل اعتماد اور محبت جماعت کے لیے باعثِ فخر اور ایک عظیم ذمہ داری ہے جسے ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا اور جمعیت علما اسلام عوامی امنگوں کی ترجمانی، اسلامی اقدار کے فروغ اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے اپنی سیاسی و آئینی جدوجہد پوری قوت اور استقامت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
