کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی دور کرنے اور مریضوں کو بہتر علاج کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کئی برسوں سے بنیادی طبی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں اور حکومت ان محرومیوں کے خاتمے اور صوبے کے ہر شہری کو اس کی دہلیز تک بہتر صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ دیہی مراکز صحت کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ادویات کی فراہمی کے لیے شفاف نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ غریب اور مستحق خاندان مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت، ویکسینیشن اور ہنگامی طبی خدمات کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شعبہ صحت میں اصلاحات کے ذریعے بدعنوانی اور کرپشن کے تمام راستے بند کیے جائیں گے۔ ان کے بقول عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا اصل کامیابی ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات جلد کیے جائیں گے۔
