کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے بلوچستان کی قومی اور بین الاضلاعی شاہراہوں پر بڑھتی بدامنی، لوٹ مار، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر حکومتی رٹ کمزور دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث عوام، ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور مسافروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ سے دیگر شہروں کے لیے فضائی کرایوں میں غیر معمولی اضافے نے مریضوں، کاروباری افراد اور عام شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے اور فضائی کرایوں میں اضافے کے مسئلے کا بھی فوری حل نکالا جائے۔
