مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

بلوچستان میں 60 سے زائد مال بردار گاڑیاں نذرِ آتش، ٹرانسپورٹرز کا تحفظ نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار

دکی(صداقت ویب سائٹ) ٹرک ٹرانسپورٹ یونین دکی کے ضلعی صدر رضا محمد ناصر، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی جلات خان ناصر اور دیگر رہنماں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں 60 سے زائد مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا چکا ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر برادری کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا ہے اور متعلقہ حکام کی جانب سے موثر اقدامات نہ ہونے پر صوبائی قیادت نے سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رہنماں کے مطابق بلوچستان ٹرانسپورٹ یونین کی صوبائی قیادت نے مطالبات کی منظوری اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیے جانے تک صوبہ بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے لوڈنگ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں 11 جون سے ضلع دکی میں بھی غیر معینہ مدت تک لوڈنگ مکمل طور پر بند رہے گی اور کسی قسم کی مال بردار گاڑی کی لوڈنگ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، جلائی گئی گاڑیوں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔