مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان میں کفایت شعاری دعوؤں کے باوجود وزراء کے اخراجات بجٹ سے تجاوز کر گئے

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان حکومت کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے دوران کفایت شعاری کے اعلانات کے باوجود وزراء اور ان کے اسٹاف کے اخراجات مقررہ بجٹ سے تجاوز کر گئے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق وزراء اور ان کے عملے کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات کے لیے 76 کروڑ 18 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم مالی سال کے اختتام پر مجموعی اخراجات 89 کروڑ 21 لاکھ روپے تک پہنچ گئے، جو مقررہ بجٹ سے تقریباً 13 کروڑ روپے زائد ہیں۔ ذرائع کے مطابق خلیجی جنگ کے تناظر میں حکومت بلوچستان نے کفایت شعاری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بالخصوص ایندھن کے اخراجات میں کمی پر زور دیا تھا، لیکن اس کے باوجود وزراء اور ان کے اسٹاف نے پٹرول و ڈیزل کی مد میں بھی اضافی اخراجات کیے۔ بجٹ میں ایندھن کے لیے 4 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص تھے، جبکہ ذرائع کے مطابق اس مد میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے اضافی خرچ کرتے ہوئے مجموعی اخراجات 6 کروڑ 21 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔