کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی صحت کی سہولیات کا معیار بلند کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ بلوچستان کے عوام معیاری طبی سہولیات کے حق دار ہیں اور صحت کے نظام میں بہتری کے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ مختلف علاقوں سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مقامی مراکز صحت کے مسائل، ادویات کی کمی، طبی عملے کی قلت اور بنیادی سہولیات کے فقدان سے متعلق شکایات سنیں اور فوری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ عوام کی شکایات سننے کے لیے اوپن ڈور پالیسی جاری رکھی جائے گی تاکہ شہری براہ راست اپنی مشکلات پیش کرسکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مختلف اضلاع کے اسپتالوں کے اچانک دورے کرکے طبی مراکز کی عملی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ صحت میں انتظامی اصلاحات اور شفافیت کے لیے جامع منصوبہ بھی تیار کیا جارہا ہے جبکہ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے ہر شہری کو بہتر، بروقت اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
