تازہ ترین ۱ نومبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں مزید خاندانوں کا مسلح تنظیموں میں ملوث افراد سے لاتعلقی کا اعلان، تعداد 108 سے تجاوز کرگئی

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میں مسلح تنظیموں میں شمولیت اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے اہلخانہ کی جانب سے لاتعلقی کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ، مستونگ اور کچھی کے مزید خاندانوں نے اپنے بیٹوں اور بھائیوں سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں جہانزیب، نورزیب، انور، مجیب، قاسم اور عبیداللہ، مستونگ میں یونس شاہوانی جبکہ کچھی میں عنایت اللہ، عبدالنافع، طائب اور یاسر کے اہلخانہ نے لاتعلقی ظاہر کی۔ خاندانوں کا کہنا تھا کہ اگر ان کے عزیز مسلح تنظیموں کے ایجنڈے پر کام کرتے پائے گئے تو وہ ان سے کوئی تعلق نہیں رکھیں گے۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران بلوچستان میں 108 سے زائد خاندان ایسے اعلانات کرچکے ہیں۔