کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت امن و امان کے حوالے سے نہایت نازک صورتحال سے دوچار ہے، اس لیے قیامِ امن، عوام کے جان و مال کا تحفظ، ریاست پر عوامی اعتماد کی بحالی اور سیاسی استحکام کو تمام ترجیحات پر فوقیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل بنیادی طور پر سیاسی نوعیت کے ہیں، جن کا پائیدار حل آئینی بالادستی، بامعنی مذاکرات، قومی مکالمے، باہمی اعتماد اور سیاسی مفاہمت میں مضمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کو اعتماد سازی کے مؤثر اقدامات کرتے ہوئے صوبے کے عوام کے آئینی حقوق، وسائل پر حق، روزگار اور مساوی ترقیاتی مواقع یقینی بنانے چاہئیں، جبکہ مائنز اینڈ منرلز بل، لیویز فورس کے انضمام، اضلاع و ڈویژنز کی حد بندی، سرحدی تجارت اور دیگر اہم معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، منتخب نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے مسئلے کے پرامن اور دیرپا سیاسی حل کے لیے ہر مثبت اور سنجیدہ کوشش کی حمایت کرتی ہے اور موجودہ حالات میں تمام سیاسی و ریاستی قوتوں کو قومی مفاد میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
