مقامی ۶ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں انڈیٹرز کی خدمات پر سیلز ٹیکس کی شرح 3 فیصد مقرر

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کے ٹیکس شیڈول کے مطابق بلوچستان میں اپنے کاروباری مراکز سے خدمات فراہم کرنے والے انڈیٹرز کی خدمات پر بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (بی ایس ٹی ایس) کی شرح 3 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ تاہم اس کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ رجسٹرڈ شخص ان خدمات کا معاوضہ بیرونِ ملک سے غیر ملکی کرنسی میں بینکنگ ذرائع کے ذریعے اپنے کاروباری بینک اکاؤنٹ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مقررہ قواعد کے مطابق وصول کرے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے متعلقہ انڈیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نافذ قوانین کے تحت رجسٹریشن، ٹیکس کی درست رپورٹنگ، بروقت ریٹرن جمع کرانے اور ٹیکس کی ادائیگی سمیت اپنی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اتھارٹی کے مطابق ٹیکس قوانین کی پابندی شفاف ٹیکس نظام، بہتر ٹیکس انتظام اور صوبائی آمدنی میں اضافے کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔