مقامی ۱۴ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان فوڈ اتھارٹی: ٹیکنیکل افسران کے لیے خوراک کے معیار کی جانچ سے متعلق ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) ہیڈکوارٹر میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ادارے کے ٹیکنیکل عملے کو خوراک کے معیار اور وٹامنز کی جانچ کے لیے جدید ترین مشینری کے استعمال پر عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ کے دوران شرکا کو فوڈ سیفٹی ٹیسٹنگ اور فوری تجزیاتی طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے حبیب اللہ خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی قوانین کے تحت خوردنی تیل اور گھی میں وٹامن اے اور ڈی کی شمولیت لازمی ہے، اور اس کی جانچ کے لیے اتھارٹی کی سینٹرل اور موبائل لیبارٹریز میں عالمی معیار کی جدید مشینیں “I-Check Chroma 3” اور “CDR Food Lab” نصب کر دی گئی ہیں، جس سے ٹیسٹنگ کا عمل مزید تیز ہو گیا ہے۔ڈی جی حبیب اللہ خان نے تکنیکی معاونت اور جدید آلات کی فراہمی پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون صوبے میں صحت بخش خوراک کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل انور کاکڑ نے کہا کہ بی ایف اے کی لیبارٹری کا جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونا بلوچستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، جس سے عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اتھارٹی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتے ہوئے محفوظ خوراک کے مشن کو جاری رکھے گی۔ ورکشاپ کے اختتام پر تربیت حاصل کرنے والے افسران میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔