مقامی ۲۰ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس بحال، جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گئی

کوئٹہ(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) بلوچستان سے دو روز کی معطلی کے بعد اندرونِ ملک جانے والی ٹرین سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد مسافروں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ملک کے مختلف شہروں کے لیے ٹرینوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت جعفر ایکسپریس منگل کو صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی آج سہ پہر کوئٹہ پہنچے گی۔ ٹرین سروس کی بحالی کے اعلان کے بعد ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کی بڑی تعداد دیکھی گئی، جہاں لوگ اپنی منزل کی جانب روانگی کے لیے پہنچے۔واضح رہے کہ ناگزیر وجوہات اور سیکیورٹی خدشات کے باعث بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس کو عارضی طور پر دو روز کے لیے معطل کیا گیا تھا، جس کے باعث سینکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مسافر سفر منسوخ ہونے کے باعث ریلوے اسٹیشنوں پر پریشانی کا شکار رہے جبکہ بعض افراد کو مہنگے متبادل ذرائع سفر اختیار کرنا پڑے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے اور تمام ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد ہی ٹرین آپریشن بحال کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔دوسری جانب مسافروں نے ٹرین سروس کی بحالی پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے اندرونِ ملک سفر کے لیے ریل گاڑی ایک اہم، آرام دہ اور نسبتا سستا ذریعہ ہے، جس کی بندش سے غریب عوام کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ٹرین سروس بلا تعطل جاری رہے گی تاکہ عوام کو پرسکون سفری سہولیات میسر رہیں۔