مقامی ۱۷ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ، اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری، ریلیاں نکالنے اور چہرہ چھپانے پر مکمل پابندی عائد

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل)محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان (جوڈیشل سیکشن ٹو) نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898 کے سیکشن 144 کے سب سیکشن (6) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پورے بلوچستان میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم محمد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ آرڈر کے مطابق، اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر پورے صوبے میں ہوگا جو اگلے 30 دنوں تک برقرار رہے گا۔جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، اس ہنگامی حکم نامے کے تحت صوبے بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش یا استعمال، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری(پیلین رائڈنگ)، گاڑیوں پر سیاہ شیشوں(ٹنٹڈ گلاسز)کے استعمال اور غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کو سڑکوں پر لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ مزید برآں، صوبے بھر میں پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے، دھرنے دینے، جلوس یا ریلیاں نکالنے پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پبلک مقامات پر کسی بھی طریقے سے چہرہ چھپانے، خصوصا مفلر، ماسک یا کسی بھی دوسرے ذریعے کا استعمال جس سے شناخت چھپنے یا اس میں رکاوٹ پیدا ہونے کا اندیشہ ہو، پر بھی مکمل روک تھام کا حکم دیا گیا ہے۔