مقامی ۱۴ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان اسمبلی میں اہم قانون سازی: لیویز فورس، جیل خانہ جات اور انسدادِ منشیات کے قوانین منظور

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے کے انتظامی اور سیکیورٹی ڈھانچے میں بہتری کے لیے تین اہم مسودہ قوانین کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔ جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے “بلوچستان لیویز فورس ترمیمی مسودہ قانون 2026” اور “بلوچستان جیلوں اور قیدیوں کی اصلاحی سروس کا مسودہ قانون 2026” ایوان میں پیش کیے، جنہیں اراکین نے بحث کے بعد منظور کر لیا۔ حکومت کے مطابق نئے قوانین کا مقصد جیلوں کے نظام کو جدید بنانا اور قیدیوں کی بحالی کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔علاوہ ازیں، اجلاس کے دوران محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے “بلوچستان کنٹرول منشیات مسودہ قانون 2026” بھی پیش کیا گیا۔ رکنِ صوبائی اسمبلی علی مدد جتک نے اس حوالے سے رپورٹ ایوان کے سامنے رکھی، جس کے بعد اسمبلی نے اس قانون کی بھی منظوری دے دی۔ ان اہم قانون سازی کے مراحل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔