کوئٹہ: میر سرفراز بگٹی نے کچلاک اور نوحصار میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو قوم کے لیے عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔
