مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

اے این پی کے 40ویں یومِ تاسیس پر تقریبات، سرخ پرچم لہرانے کا اعلان.

کوئٹہ(ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے پارٹی کے 40ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کارکنوں اور خیرخواہوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی 116 سالہ قومی، وطنی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی امین جماعت ہے، جس کی فکری بنیاد باچاخان کے مشن، انجمن اصلاحِ افغانہ، خدائی خدمت گار تحریک اور رہبرِ ملی خان عبدالولی خان کی قیادت سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اپنی جدوجہد کے دوران بے شمار قربانیاں دیں، کارکنوں اور قیادت نے شہادتیں، قید و بند، جلاوطنی اور دیگر مشکلات برداشت کیں، جبکہ پشتونخوا کی قومی شناخت، فاٹا کا پشتونخوا میں انضمام، باچاخان ایئرپورٹ، اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ جیسے اہم قومی اہداف کے حصول میں بھی کردار ادا کیا۔ مابت کاکا نے الزام عائد کیا کہ 2013، 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے پارٹی کو پارلیمان سے باہر رکھا گیا، تاہم تنظیم کی مضبوطی ہی پارٹی کی اصل قوت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 26 جولائی کو ملک اور بیرون ملک کی طرح بلوچستان بھر میں باچاخان مراکز، پارٹی دفاتر، گھروں، حجروں اور گاڑیوں پر سرخ پرچم لہرائے جائیں گے اور تمام ضلعی تنظیمیں، کارکن اور عہدیدار یومِ تاسیس کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں گے۔