مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

اے این پی کے مابت کاکا کی ہزارگئی کلچر ڈے پر ہزارہ قوم اور ایچ ڈی پی قیادت کو مبارکباد، ثقافت کو امن و رواداری کی عکاس قرار دے دیا

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے ہزارگئی کلچر ڈے کے پروقار موقع پر ہزارہ قوم، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (HDP) اور ہزارہ سٹوڈنٹس فیڈریشن (HSF) کی قیادت و کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارگئی ثقافت امن، رواداری، برداشت، ترقی اور خوشحالی کی بہترین عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارگئی زبان، ثقافت، اقدار اور روایات زندگی کے ہر مثبت پہلو کا احاطہ کرتی ہیں، جبکہ ہزارہ قوم کو انتہاپسندی کے تاریک راستے سے دور رکھ کر روشن خیالی اور ترقی پسندی کی جانب راغب کرنے میں ایچ ڈی پی کی قیادت اور کارکنوں کی مخلصانہ خدمات انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے تاریخی یزدان خان فٹ بال اسٹیڈیم میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ مرکزی ہزارگئی کلچر ڈے کے میلے میں شرکت اور وہاں لگائے گئے مختلف روایتی و ثقافتی اسٹالوں کے تفصیلی معائنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایچ ڈی پی کے صوبائی و مرکزی ذمہ داران نے بھی اے این پی کے وفد کے ہمراہ مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا۔ ثقافتی اسٹالوں میں ہزارہ قوم کی روایتی کشیدہ کاری، پینٹنگز، تاریخ، جغرافیہ، زبان، لوک ورثہ، فنونِ لطیفہ اور لذیذ روایتی کھانوں کو انتہائی خوبصورتی اور مہارت سے پیش کیا گیا تھا جس نے آنے والے مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے رکھی۔ثقافتی میلے کی اس شاندار تقریب کے دوران ہزارگئی مشاعرہ، بچوں کے تربیتی ٹیبلو اور روایتی موسیقی کی محفل نے ہزارہ قوم کی امن پسندی، رواداری، برداشت، ترقی اور خوشحالی سے والہانہ محبت کو کھل کر اجاگر کیا، جبکہ پروگرام کے ذریعے معاشرے سے انتہاپسندی، دہشت گردی اور عصبیت کے خاتمے کا ایک واضح اور مثبت پیغام دیا گیا۔ مابت کاکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں صدیوں سے آباد ہزارہ، پشتون اور بلوچ اقوام ایک دوسرے کی ثقافت، زبان اور قومی ایام میں اسی طرح بڑھ چڑھ کر شرکت کریں گی، جس کے ذریعے صوبے میں بھائی چارے، باہمی اتحاد، یکجہتی اور یگانگت کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اس کامیاب اور تاریخی پروگرام کے انعقاد پر پوری ہزارہ برادری کو ایک بار پھر زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔