مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

اوستہ محمد میں ایس پی کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

اوستہ محمد (ویب نیوز)ایس پی اوستہ محمد حافظ معاذالرحمان نے ڈی ایس پی داؤد کھوسہ، ایس ایچ او سٹی ندیم احمد بہرانی اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ جامع مسجد شاہی، شاہی بازار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر امام مسجد مولانا عبدالمجید لاشاری، نمازیوں اور معزز شہریوں نے امن و امان، پولیس کی کارکردگی اور عوامی مسائل سے متعلق اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔ ایس پی نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سننے کے بعد متعلقہ افسران کو فوری حل کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے جرائم کی روک تھام، منشیات کے خاتمے اور مشکوک عناصر کی نشاندہی میں پولیس سے تعاون کی اپیل کی، جبکہ شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔