کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد انجینئر مرزا اعزاز بیگ کو کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے منگل کے روز باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور کیسکو کی قیادت میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔ انجینئر مرزا اعزاز بیگ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) میں بطور جونیئر انجینئر کیا۔ بعد میں انہوں نے کیسکو اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں بھی مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سنبھالنے سے قبل انجینئر مرزا اعزاز بیگ کیسکو میں چیف انجینئر کسٹمر سروسز کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ وہ توانائی کے شعبے میں 26 سال سے زائد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور تکنیکی، آپریشنل اور انتظامی امور میں مہارت کے حامل ہیں۔ وہ ان چند اعلیٰ افسران میں شامل ہیں جنہوں نے کیسکو اور آئیسکو دونوں اداروں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعد انجینئر مرزا اعزاز بیگ نے کہا کہ کیسکو کی قیادت میرے لیے صرف ایک بڑی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ اعزاز بھی ہے۔ انہوں نے تمام افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ ایک ٹیم کی حیثیت سے مل کر کام کریں اور ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو کو ایک خوشحال، صارف دوست اور جدید ادارے کے طور پر آگے لے جانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام افسران اور ملازمین ایک مضبوط ٹیم کی صورت میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ فرائض انجام دیں اور قومی ذمہ داری و ادارے کے مفاد کو ترجیح دیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر شوکت علی جوگیزئی اپنی مقررہ مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد 7 ستمبر 2026ء بروز پیر ریٹائر ہوگئے تھے، جس کے بعد انجینئر مرزا اعزاز بیگ کو کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سونپا گیا۔
