کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اسپیکر کے مبینہ نازیبا رویے کے خلاف احتجاجا ایوان سے واک آوٹ کر گئیں۔ راحیلہ حمید درانی کا موقف تھا کہ وہ ایک اہم نکتے پر بات کرنا چاہتی تھیں لیکن اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی، جس پر انہوں نے احتجاج کیا اور ایوان چھوڑ کر چلی گئیں۔میڈیا سے گفتگو اور ایوان میں احتجاج کے دوران انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا رویہ ان کے ساتھ ہمیشہ سے ایسا ہی رہا ہے؛ ایوان میں موجود دیگر تمام اراکین کو بولنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے لیکن انہیں جان بوجھ کر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس رویے کو پارلیمانی روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ تاہم، بعد ازاں دیگر اراکین کی مداخلت پر وہ دوبارہ ایوان میں واپس آگئیں۔
