مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایچ او نے نصیرآباد کے آر ایچ سی چتر کا اچانک دورہ کیا

ڈیرہ مراد جمالی(ویب نیوز) نصیرآباد کے اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد اور ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز احمد جمالی نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لال کی خصوصی ہدایت پر رورل ہیلتھ سینٹر چتر کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران اسپتال کا تمام عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود پایا گیا جبکہ اسٹاف رجسٹر بھی چیک کیا گیا۔ ڈاکٹر ایاز احمد جمالی اور اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد نے اسپتال کے مختلف شعبوں، زچہ و بچہ مرکز، فکسڈ سینٹر اور غذائی مرکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ادویات کے اسٹاک کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں ذیابیطس کی ادویات، انسولین، کتے اور سانپ کے کاٹنے کی ادویات سمیت دیگر ضروری ادویات وافر مقدار میں موجود پائی گئیں۔ ضلعی ملیریا انچارج نثار جمالی بھی افسران کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ملیریا رجسٹر، کٹس اور ملیریا کی ادویات کا معائنہ کیا، جن کا ریکارڈ اور اسٹاک مکمل پایا گیا۔ اسپتال کی ایمبولینس بھی سڑک پر موجود اور مکمل طور پر فعال حالت میں پائی گئی۔ حکام نے اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور ریکارڈ کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں انجام دیں۔