استا محمد (نمائندہ خصوصی) میونسپل کارپوریشن استا محمد کی جنرل کونسل کا اہم اجلاس ڈپٹی میئر و اسپیکر حاجی خان پلال کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں میئر میر مظفر خان جمالی، چیف آفیسر سید سکندر شاہ اور جنرل کونسلران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی صفائی، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، انتظامی و مالی مسائل اور دیگر عوامی امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ کونسلران نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، شہریوں کو بلا تعطل پینے کا پانی فراہم کرنے اور بلدیاتی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے دوران جنرل کونسلر ملک محمد انور بنگلزئی نے چیف آفیسر پر مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے مختلف معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاہم ان الزامات پر متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔ اجلاس میں زرعی پانی کی شدید قلت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکھر میں جاری کسانوں کے دھرنے سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ نصیرآباد ڈویژن میں پانی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے۔ اس موقع پر مختلف کونسلران نے اپنے اپنے وارڈز کے عوامی مسائل اور تجاویز بھی پیش کیں۔
