کوئٹہ(ویب نیوز) آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی تحلیل کرکے آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ زیارت معاہدے پر فوری عملدرآمد کیا جائے، سیاسی جماعتوں کو دیوار سے نہ لگایا جائے اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش ہے اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے اسماء جٹک کے خاندان کے افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تمام قومیتوں کے اتحاد کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
