مقامی ۱۵ مئی ۲۰۲۶

آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ کی سربراہی میں ڈیرہ بگٹی میں اہم جرگہ، عوامی مسائل سنے

ڈیرہ بگٹی(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)میجر جنرل عابد مظہرکی سربراہی میں ڈیرہ بگٹی میں ایک اہم جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر، ضلعی افسران، سیاسی قائدین، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جرگے کے دوران علاقے میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی ایف سی نے شرکا کے مسائل فردا فردا سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے کہا کہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کا دارومدار باہمی اتحاد اور عوامی تعاون پر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی ادارے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے ایف سی بلوچستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھی کاوشوں کی بدولت آج ڈیرہ بگٹی میں امن کی فضا برقرار ہے۔ عمائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقے کی ترقی اور امن کی خاطر حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ اپنا مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔