انٹرٹینمنٹ ۲۴ نومبر ۲۰۲۶

نئے صوبوں کے قیام کی بحث، آئینی تقاضے اور اجتماعی مشاورت کی ضرورت

چمن جلسہ عام میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان، صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور دیگر مقررین کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جو تحفظات، خدشات اور مؤقف سامنے آیا ہے، اس نے ملکی سیاست میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ خطے میں سرحدی تجارت کی بندش، بدامنی، وسائل کی تقسیم اور آئینی و جمہوری عمل پر سوالات کے ساتھ ساتھ صوبوں کی تقسیم کا معاملہ بھی اب محض ایک انتظامی تجویز نہیں رہا بلکہ ایک حساس سیاسی اور آئینی موضوع بن چکا ہے۔
اس تناظر میں حکمرانوں اور پالیسی سازوں کو چاہیے کہ وہ نئے صوبوں یا انتظامی ڈھانچے سے متعلق کسی بھی اقدام میں آئینِ پاکستان سے ماورا یا یکطرفہ فیصلوں سے گریز کریں۔ آئینی حدود، پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے کردار کو نظرانداز کر کے کوئی بھی قدم اٹھانا نہایت حساس اور انتہائی مشکل کام ہے، جس سے سیاسی کشیدگی اور عدم اعتماد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز، صوبائی نمائندوں اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر متحد اور متفقہ راستہ اپنانا ہوگا تاکہ آئین، وفاقی توازن اور عوامی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔