تحریر: سید انور شاہ
رات کے آخری پہر کی خاموشی جب دیواروں سے سرگوشیاں کرنے لگتی ہے، تو انسان کی آنکھیں بند ہونے کے باوجود اس کا ذہن صدیوں کا سفر طے کر لیتا ہے۔ میرے سامنے پرانے اخبارات کے تراشے، تاریخ کی گرد آلود کتابیں اور ملک کے نقشے پھیلے ہوئے تھے۔ میں گزشتہ صدی کے آغاز سے لے کر آج تک کی ملکی کشمکش پر غور کر رہا تھا۔ سوچتے سوچتے یکایک ایسی غنودگی طاری ہوئی کہ میں نہ تو پوری طرح سویا ہوا تھا اور نہ ہی ظاہری دنیا میں بیدار۔ وقت کا پینڈولم جیسے خواب اور حقیقت کی سرحد پر آ کر ٹھہر گیا تھا؛ سانسوں کی لَے میں صدیوں کی آہٹ گھلنے لگی اور حواس کی دہلیز پر ایک عجیب شفاف دھند اتر آئی—ایسی نیم بیداری جہاں آنکھوں کی پلکیں تو بند تھیں، مگر باطن کی کھڑکی پوری طرح وا ہو چکی تھی، اور حیرانگی کی انتہا نے مجھے ایک عجیب منظر کے روبرو لا کھڑا کیا۔
میرے سامنے ایک قدیم مگر پرشکوہ ایوان تھا، جس کے وسط میں برصغیر اور پھر پاکستان کا ایک عظیم الشان نقشہ بچھا ہوا تھا۔ کمرے میں تاریخ کے مختلف ادوار کی پرچھائیاں چہل قدمی کر رہی تھیں۔
یکایک 1900ء کی دہائی کا دروازہ کھلا۔ 1905ء میں بنگال کی لکیریں کھینچی گئیں اور 1911ء میں مٹا دی گئیں۔ پھر 1906ء کی صدا ابھری، 1909ء کے جداگانہ انتخاب کی بازگشت سنائی دی، 1916ء کا میثاقِ لکھنؤ، 1928ء کی نہرو رپورٹ، 1929ء کے چودہ نکات اور 1930ء کے خطبۂ الٰہ آباد کی روشنی نے نقشے کے خدوخال واضح کیے۔ 1935ء کے قانون کے بعد 1936ء میں سندھ اپنی قدیم شناخت کے ساتھ بمبئی سے الگ ہو کر کھڑا ہو گیا۔ پھر 1940ء کی قراردادِ لاہور گونجی، 1946ء کا کابینہ مشن ٹوٹا اور 1947ء کا سورج برصغیر کو دو حصوں میں بانٹتا ہوا طلوع ہوا۔
نقشے کے کنارے کھڑے ایک بزرگ مؤرخ نے میری حیرت بھری آنکھوں میں دیکھ کر سرگوشی کی: ’’تم سمجھتے ہو یہ تقسیم محض کاغذ کی لکیریں تھیں؟ ذرا ان سپاہیوں کے چہرے دیکھو!‘‘
میں نے دیکھا کہ دوسری جنگِ عظیم کے میدانوں سے لوٹنے والے لشکروں کا ایک سیلاب تھا، جس میں پچاس فیصد سپاہی پنجاب کی مٹی سے اٹھے تھے اور آٹھ فیصد موجودہ خیبر پختونخوا کے پہاڑوں اور وادیوں سے آئے تھے۔ مؤرخ کی آواز گونجی: ’’اتنی بڑی عسکری قوت اگر ایک متحدہ برصغیر کے ہاتھ میں رہتی تو ترقی یافتہ اور استعماری دنیا کے لیے یہ ایک ناقابلِ تسخیر خطرہ بن جاتی۔ سو پہلے برصغیر کو بانٹا گیا، پھر پنجاب اور بنگال کے سینے پر لکیریں کھینچی گئیں۔‘‘
ابھی میں اس انکشاف کے سحر میں تھا کہ منظر بدلا۔ 1971ء کی خونچکاں شام نے پاکستان کو دو لخت کر دیا۔ نقشے کے قریب ایک پرعزم مگر متنازع سیاسی شخصیت کھڑی تھی—ذوالفقار علی بھٹو—جن کے ابتدائی برسوں کی شہریت کے قانونی قصے، بمبئی کی جائیدادوں کے مقدمات اور پھر اقتدار کے ایوانوں میں آ کر سندھ، پنجاب اور باقی ماندہ پاکستان کی سیاست کو نئے سانچوں میں ڈھالنے کی کہانی فضا میں تیر رہی تھی۔
اچانک ایوان کا مغربی دروازہ کھلا اور ایک باوقار قافلہ اندر داخل ہوا۔ اس قافلے میں موجودہ خیبر پختونخوا کے غیور مشران، برٹش بلوچستان کے کوئٹہ، پشین، سبی، نوشکی اور بولان کے نمائندے، اور سابق بلوچ ریاستوں—قلات، مکران، خاران اور لسبیلہ—کی تاریخی قیادت ساتھ ساتھ چل رہی تھی۔ وہاں بلوچ اور براہوی ایک قوم دو زبانیں ایک ہی وجود کے دو بازو بنے کھڑے تھے؛ نہ کوئی انہیں الگ کر سکتا تھا، نہ ان کی صدیوں پرانی سانجھ میں کوئی دراڑ ڈال سکتا تھا۔
قافلے کے ایک بزرگ رہنما نے نقشے پر جھکتے ہوئے کہا: ’’آج پھر نئے صوبوں کے نام پر ہماری وحدتوں کو کاٹنے کی بات ہو رہی ہے۔ کوئی پنجاب کو تقسیم کر کے اس کی عسکری و پارلیمانی طاقت کم کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے، کوئی سندھ کو بانٹنے پر تلا ہے، کوئی کوئٹہ اور قلات کے درمیان لکیر کھینچنا چاہتا ہے اور کوئی پشتون جغرافیے کو ٹکڑوں میں دیکھنا چاہتا ہے۔ یاد رکھو، اگر یہ تقسیم محض طاقت کا توازن بدلنے کی کوئی خفیہ حکمتِ عملی ہے تو اس سے وفاق مضبوط نہیں ہوگا۔‘‘
اس لمحے ایوان میں ایک گہری خاموشی چھا گئی۔ سب کی نظریں مجھ پر جم گئیں، گویا پوچھ رہی ہوں کہ اس الجھی ہوئی ڈور کا سرا کہاں ہے؟ میں نے نقشے پر بکھرے ہوئے تمام ٹکڑوں کو غور سے دیکھا اور بے ساختہ میرے لبوں سے نکلا:
’اے کاش! اس معاملے کا کوئی ایک رخ نہ ہوتا، بلکہ اس میں تاریخی وحدتوں کا احترام، زبان و ثقافت کا تحفظ، عوامی رضامندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم، آئینی بالادستی، بااختیار بلدیاتی نظام، عسکری و وفاقی سول اداروں میں تمام خطوں کی مساوی نمائندگی، سیاسی انجینئرنگ سے پاک انتخابی شفافیت، علاقائی خودداری اور باہمی اعتماد جیسے دس پہلو شامل ہوتے!‘‘
جیسے ہی یہ الفاظ فضا میں گونجے، نقشے پر کھینچی گئی تمام مصنوعی اور خوفناک لکیریں دھندلا کر غائب ہونے لگیں۔ ان کی جگہ ایک روشن اور خوبصورت مسلم فیڈریشن کا منظر ابھر آیا۔ اس فیڈریشن کے نقشے میں ہر قومیت کے حدود نسلی اور لسانی بنیادوں پر انتہائی واضح انداز میں اور زمینی حقائق کے عین مطابق مرتب کیے گئے تھے؛ کہیں ابہام تھا نہ زبردستی کی لکیر، بلکہ زبان، آبادکاری، ثقافتی تسلسل اور صدیوں کی سماجی حقیقتوں نے خود اپنا واضح، قدرتی اور باوقار نقشہ تراش لیا تھا۔ اس نئے منظر میں ایک ایسا پارلیمان جہاں ہونے والی قانون سازی پتھر پر لکیر تھی ۔اس لئے نہ کوئی صوبہ دوسرے سے خوفزدہ تھا، نہ کوئی قومیت خود کو محروم سمجھ رہی تھی۔ بلوچ یک جہتی ، پشتونوں کی روایات، سندھ کی تہذیب اور پنجاب کی زراعت اور صنعتیں ایک ہی لڑی میں پروئی جا چکی تھیں۔
میں نے دیکھا کہ ملک کے سب سے پسماندہ گاؤں اور سب سے ترقی یافتہ شہر کے درمیان فاصلے سمٹ رہے ہیں۔ پہاڑوں کی چوٹیوں سے لے کر سمندر کے ساحلوں تک، اور کھیتوں سے لے کر کارخانوں تک، ہر خطے کو برابر لانے کی سچی سوچ کے ساتھ ایک نئے جذبے اور لگن سے کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہر نوجوان کی آنکھوں میں امید کی چمک تھی اور ہر رہنما کے دل میں صرف ایک ہی عہد تھا کہ اب کسی کو توڑ کر نہیں، بلکہ سب کو جوڑ کر اور برابر لا کر آگے بڑھنا ہے۔
یکایک فجر کی اذان کی آواز کانوں میں گونجی؛ جیسے رات کی تاریکی کا پردہ چاک کر کے توحید، عدل اور بیداری کا نور فضا میں تحلیل ہو رہا ہو، اور ہر صدا کے ساتھ دل کے کسی گہری کندرا میں جمی ہوئی گرد جھڑتی جا رہی ہو۔ اذان کی گونج کے ساتھ ہی خواب کے نقشے پر روشنی کی ایک سنہری لکیر پھیل گئی—ایسی روشنی جو کسی سرحد کی محتاج نہ تھی، جہاں خوف کی جگہ اعتماد نے لے لی تھی اور محرومی کا اندھیرا باہمی رفاقت کے چراغوں سے اجالا پا رہا تھا۔ میری آنکھ کھلی تو کمرے میں صبح کی پہلی کرن اتر رہی تھی۔ میز پر بکھرے ہوئے کاغذات اب بھی وہیں تھے، مگر میرے دل کا بوجھ اتر چکا تھا—کیونکہ میں نے نیم بیداری اور فجر کے اس نورانی لمحے میں دیکھ لیا تھا کہ اگر نیت صاف ہو اور سوچ میں ان تمام پہلوؤں کی وسعت ہو، تو ٹوٹتے ہوئے نقشے بھی ایک خوبصورت فیڈریشن کی تصویر بن سکتے ہیں۔
