*کوئٹہ (شوبز ڈیسک) احسن خان نے کہا ہے کہ اداکاروں کو اپنی عمر کو قبول کرتے ہوئے زندگی کے ہر مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہیے کیونکہ ہر عمر کا اپنا الگ حسن اور اہمیت ہوتی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اکثر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ صرف ایک مخصوص عمر ہی بہترین ہوتی ہے، تاہم وہ اس سوچ سے اتفاق نہیں کرتے۔ احسن خان کے مطابق ہر عمر اور ہر مرحلے کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے اور انسان کو چاہیے کہ وہ اسے قبول کرے اور اس سے لطف اندوز ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو زندگی کے ہر مرحلے میں محنت جاری رکھنی چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے بقول عمر صرف ایک عدد ہے جبکہ اصل اہمیت اداکاری کی مہارت، صلاحیت، مقبولیت اور پسندیدگی کو حاصل ہے، ناظرین عمر سے زیادہ فنکار کی کارکردگی اور شخصیت کو پسند کرتے ہیں، اس لیے ہر اداکار کو اپنی زندگی کے ہر مرحلے کو مثبت انداز میں اپنانا چاہیے۔
